• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاول نگر: 2 جعلی سرجن ٹانگ کا آپریشن کرتے گرفتار

بہاول نگر: 2 جعلی سرجن ٹانگ کا آپریشن کرتے گرفتار


جنوبی پنجاب کے ضلع بہاول نگر کی تحصیل چشتیاں میں 2 جعلی آرتھو پیڈک سرجنز کو نجی اسپتال میں مریض کی ٹانگ کا آپریشن کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے ریسکیو کے ذریعے مریض کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال چشتیاں منتقل کر دیا ہے۔

تھانہ سٹی اے ڈویژن چشتیاں پولیس کے مطابق انہیں 15 کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ بہاول نگر روڈ پر واقع ایک نجی آرتھو پیڈک اسپتال میں 2 جعلی سرجن کئی گھنٹوں سے ایک مریض افضال کی ٹانگ سے راڈ نکالنے کے لیے آپریشن کر رہے ہیں۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور اسپتال جا کر دونوں جعلی سرجنز وسیم اور وقاص کو حراست میں لے لیا ہے اور مریض افضال کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: جعلی آرتھوپیڈک سرجن کی درخواست ضمانت خارج

مقامی نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا ہے کہ میں نے ملزمان کے خلاف پولیس کو درخواست دی ہے کہ یہ میرے اسپتال میں آپریشن اسسٹنٹ اور اٹینڈنٹ ہیں اور میرے آرتھوپیڈک اسپتال میں آپریشن کے لیے مریضوں کو کم پیسوں میں آپریشن کرا دینے کا لالچ دے کر ایک اور نجی اسپتال میں لے جا کر خود سرجن بن کر آپریشن کرتے ہیں، انہوں نے کئی مریضوں کو غلط آپریشن کر کے معذور بنا دیا ہے۔

متاثرہ مریض افضال کا کہنا ہے کہ حکومت ایسی جعلی سرجنوں اور اسپتالوں کے خلاف کارروائی کرے اور مجھے بھی انصاف دیا جائے۔

تازہ ترین