وفاقی حکومت نے انسداد منی لانڈرنگ کیلئے ایف آئی اے میں بہتری لانے کا فیصلہ کیا ہے ، دہشتگردی کی مالی معاونت روکنے میں بھی ایف آئی اے کو آپریشنل لحاظ سے بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
کابینہ اجلاس میں حکومت نے ایف اے آئی سائبر ونگ کو بھی مزید موثر اور جدید بنانے کا فیصلہ کیا ۔
وفاقی حکومت کی طرف سے ایف آئی اے میں نئے منصوبوں کیلئے اخراجات کی تجاویز آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کی جائیں گی ، جبکہ دہشتگردی کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 25 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے ۔
دستاویز کے مطابق انسداد دہشتگردی، اینٹی منی لانڈرنگ اور سائبرونگ کیلئے نئے منصوبوں کا تخمینہ تقریباً 3 ارب روپے لگایا گیا ہے، انسداد دہشتگردی کے نئے منصوبے کیلئے لاگت کا مجموعی تخمینہ ایک ارب 5 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق بجٹ میں ایف آئی اے سائبرونگ کی بہتری کیلئے 30 کروڑ روپے آئندہ مالی سال مختص کرنے کی تجویز شامل ہے ، جبکہ انسداد منی لانڈرنگ کے نئے منصوبے کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 1 ارب 97 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔