پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر رحمان ملک نے امریکی شہری سینتھیا رچی کے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کیخلاف نازیبا الزامات پر بطور چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی داخلہ انہوں نوٹس لیا، جس کے ردعمل میں اُن پر نازیبا، من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں۔
رحمان ملک نے کہا کہ بطور کمیٹی چیئرمین سخت اقدامات لینے پر میری کردار کشی شروع کی گئی، ماضی میں حکومت کیخلاف سخت بیانات پر انہیں قید اور قتل کرنے کی دھمکیاں بھی مل چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، ماضی میں موت کا سیل بھی دیکھ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی میں مقیم امریکی شہری سینتھیا رچی نے پاکستان پیپلز پارٹی رہنما سے متعلق کہا ہے کہ رحمٰن ملک نے انہیں ویزے کا مسئلہ حل کرنے سے متعلق کہہ کر بلوایا، رحمٰن ملک نے گلدستہ اور قیمتی تحفہ دینے کے بعد نشہ آور مشروب پلایا اور اس کے بعد زیادتی کی۔