• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسف گیلانی، سنتھیا رچی کو نہیں جانتے تھے، سیاسی تجزیہ کار

کراچی (جنگ نیوز)معروف سیاسی تجزیہ کار اور کالم نگار حبیب اکرم نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کی جانب سے پیپلزپارٹی کی قیادت پر الزامات کے حوالے سے کہاہے کہ ان کی ذاتی رائے میں یوسف رضاگیلانی شاید سنتھیا رچی کو نہیں جانتے تھے ۔

سابق وزیر داخلہ رحمن ملک پر جنسی زیادتی کا الزام انتہائی خوفناک ہے ‘انہیں اس کا جواب دینا ہی پڑے گا کیوں کہ وہ وزیر داخلہ تھے اوریہ ملک کی سلامتی کا مسئلہ ہے ۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی پردست درازی سے متعلق الزام پر تجزیہ کار نے بطورعینی شاہد ایک تقریب کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ کچھ عرصہ قبل اسلام آباد کے ہوٹل میں منعقدہ ایک عشائیہ میں سنتھیا رچی بھی ایک شخص کے ہمرا موجود اور مرکزی جگہ پر براجمان تھیں ۔

اس دوران یوسف رضاگیلانی صدر دروازے سے اندرداخل ہوئے توتمام شرکا ء ان کی طرف متوجہ ہوگئے ۔جب یوسف گیلانی مرکزی نشست کی جانب بڑھے تو سنتھیا اپنی سیٹ سے اٹھیں اور انہوں نے آگے بڑھ کر سابق وزیراعظم سے ہاتھا ملایا‘اس موقع پر یوسف گیلانی کے چہرے پر شناسائی یا جان پہچان کے کوئی تاثرات نہیں تھے ۔

سابق وزیراعظم نے سنتھیا رچی سے پوچھاکہ کیا وہ امریکی ‘برطانوی یا کسی اور سفارتخانے میں کام کرتی ہیں ،جس پر سنتھیا رچی نے بتایاکہ وہ امریکی سفارت خانے کے ساتھ ایک پروجیکٹ پر کام کررہی ہیں ۔

بقول تجزیہ کار اس موقع پر انہوں نے جو دیکھا اورسنا اس سے لگتاہے کہ یوسف گیلانی ،سنتھیا رچی کو نہیں جانتے تھے ۔

تازہ ترین