کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مالی مشکلات کا بہانہ بناکر اپنے ملازمین کی تعداد میں کمی کرنا شروع کردی ہے، مگر حال ہی میں پی ایچ ایف نے بھاری معاوضے پر کئی ڈائریکٹرز کی تقرری کی ہے۔ پی ایچ ایف نے پہلے مرحلے میں اپنے کراچی آ فس سے چار نچلے درجے کے ملازمین کو فارغ کیا جس سےان کے اہل خانہ پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فارغ ہونے والے ملازمین نے پی ایچ ایف کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی آفس سے مزید ملازمین کو بھی فارغ کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں لاہور سے ملازمین کو نکالا جائے گا۔ دوسری جانب سابق ہاکی اولمپئینز نے کراچی سے پی ایچ ایف کی جانب سے فارغ کئے جانے والے ملازمین کی حمایت کرتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور کہا ہے کہ پی ایچ ایف کے اس فیصلے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے فیڈریشن کے صدر خالد کھوکھر سے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے۔