مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملک بھر میں ماسک پہننا لازمی قرار دینے اور کورونا علاج کیلئے ادویات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد خوفناک شکل اختیار کررہی ہے جبکہ علاج کی ادویات دکانوں سے غائب ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کہا کہ وزیر صحت عمران صاحب کورونا کے علاج اور اس سے بچاؤ کیلئے ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں اور اس کیلئے خصوصی حکومتی ڈیسک یا کاؤنٹر قائم کرائیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر ِصحت عمران صاحب کورونا علاج کی ادویات بغیرمنافع عوام تک پہنچانا لازمی بنائیں، یہاں تو بازاروں سے آکسی میٹر بھی غائب ہوگئے ہیں، جبکہ کہیں وینٹی لیٹرز اور کہیں پی پی ایز غائب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں جگہ ختم ہوچکی ہے اور کورونا کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔