پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی میں 87ویں روز بھی احتجاج جاری ہے۔
راولپنڈی میں جنگ بلڈنگ کے باہر ہونے والے احتجاج میں پی ایف یو جے، آر آئی یو جے، مزدور و تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
احتجاج کے دوران شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کو 87 روز گزر گئے، پاکستان بھر کے سیاست دانوں نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
شرکا کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمٰن کے خلاف اب تک کوئی کیس نہیں آیا، کیونکہ ان کے خلاف کوئی کیس ہے ہی نہیں، اگر کیس ہوتا تو فائل ہوتا۔