وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں 9 کشمیری نوجوانوں کی شہادت ظلم کی انتہا ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ اپنے جمہوری حق کے لیے سراپا احتجاج نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز، آنسو گیس اور دیگر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی جرائم کا اقوام عالم کو ہر صورت نوٹس لینا ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت جبر و استبداد سے کشمیریوں کے خود ارادیت کے حق کی عظیم جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتا، کشمیری اپنی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔
شبلی فراز کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ دنیا کورونا سے برسر پیکار ہے تو دوسری جانب بھارت مظلوموں پرستم ڈھا کر بنیادی انسانی حقوق روند رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا انتہا پسند چہرہ دنیا پر بے نقاب ہوچکا ہے۔