کوئٹہ(آئی این پی )بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے اپنے بیان میں گزشتہ شب سریاب کسٹم کے قریب آئل ٹینکر حادثے میں 40کے قریب دکانوں کے جل کر خاکستر ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ سریاب جو کہ اہم قومی شاہراہ ہونے کے ساتھ بہت بڑے علاقے پر پھیلا ہواگنجان آباد علاقہ ہے مگر یہاں فائربریگیڈ کا کوئی آفس موجود نہیں ، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے بعد گھنٹوں تک فائربریگیڈ کا عملہ نہیں پہنچ پاتا جس کا منہ بولتا ثبوت گزشتہ روز کا ناخوشگوار واقعہ ہے۔گزشتہ شب سریاب کسٹم کے قریب آئل ٹینکر الٹنے سے آگ بھڑک اٹھی مگر فائربریگیڈ کا عملہ بروقت نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے پرچون ، جنرل سٹورز ، ہول سیلرز سمیت دیگر40کے قریب دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں جس سے مقامی تاجروں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا بلکہ سیکڑوں غریب دکاندار جن کا واحد ذریعہ معاش یہی دکانیں تھیں کا روزگار چھن گیا ۔ ایک طرف بے روزگاری ، معاشری بحران ، کورونا ، لاک ڈاؤن اور معاشی تنگدستی کا لوگوں کو سامنا ہے تو دوسری جانب ان کی دکانیں جل جانے سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر متاثرین کے لئے معاوضہ اور دکانوں کی مرمت کے لئے پیکیج کا اعلان کیا جائے۔