• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول بحران کے ذمہ دار ہم نہیں، آئل مارکیٹنگ کمپنیز

پیٹرول بحران کے ذمے دارہم نہیں، آئل مارکیٹنگ کمپنیز


پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ملک میں تیل بحران کی ذمہ دار کمپنیاں نہیں ہیں۔

کمپنیز کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریفائنریز کے لیے تیل کی درآمد بند کی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ حکومت سے تیل درآمد کی اجازت مانگتے رہے لیکن اجازت نہیں دی گئی۔

تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا تھا کہ یومیہ طلب زائد ہوجائے تو سارا ذخیرہ فروخت نہیں کر سکتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ذخیروں میں تیل ہونا معمول کی بات ہے، چھاپے مسئلے کا حل نہیں، مسئلے کی وجہ تلاش کی جائے۔

پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز

ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا گیا، کراچی میں کیماڑی آئل فیلڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چھاپا مارا جہاں نجی کمپنی کے ڈپو میں پیٹرول کا بڑا ذخیرہ ملا۔

کمشنر کراچی کے مطابق پیٹرول ذخیرہ کرنے والی دو کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق معائنہ ٹیمیں حیدرآباد بھی پہنچ گئی ہیں، جبکہ پشاور کے قریب تاروجبہ میں نجی آئل کمپنی کا اسٹاک ڈپو انچارج بھی اسٹاک سے متعلق غلط رپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے بھی کل پیٹرولیم کمپنیوں کے سربراہان کو بھی طلب کر رکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی میں نجی کمپنی جان بوجھ کر تیل سپلائی نہیں کر رہی، کمپنی کو اظہار وجوہ کا نوٹس بھی جاری کردیا گیا۔

تازہ ترین