راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے) تھانہ صدر بیرونی پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 25 من مضر صحت گوشت ضبط کرکے 9ملزموں کو گرفتار کرلیا۔شاہد محمود ڈسٹرکٹ انسپکٹر ہیلتھ کی درخواست پر ملزمان کے خلاف تھانہ صدر بیرونی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔ پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم نے گرجا روڈ پر مشترکہ ناکہ بندی کر کے مضر صحت گوشت سے لوڈ ایک سوزوکی پک اپ اور 3رکشوں کوچیک کیا۔پڑتال پر مذکورہ گوشت بدبودار اور لاغر جانوروں کا پایا گیا جس پر محمد یونس، عمران خان، اشتیاق، ذاکر اللہ، اسحاق خان، فضل ربی، امجد روف، ذوہیب اور محمد فاروق کوگرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان گاڑی اور رکشوں میں مضر صحت گوشت لوڈ کر کے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں فروخت کے لیے لے جا رہے تھے۔