وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی تجویز مسترد کر دی، عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کے حق میں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں بجٹ 2020-21 کی تیاریوں کا جائزہ اور بجٹ کے بارے میں مختلف تجاویز اور سفارشات پر غور کیا گیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں سبسڈی کلچر کی حوصلہ شکنی کی جائے، سرکاری محکموں میں غیر ضروری اخراجات کا سلسلہ قطعی طور پر بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میسر انسانی وسائل کا بہترین استعمال کرکے کمی کو پورا کیا جائے اور موثر انتظامی اقدامات کے ذریعے کم از کم انسانی وسائل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کئے جائیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پی او ایل اور دیگر مدات میں کفایت سے سرکاری وسائل میں بچت کی جائے، محصولات میں اضافے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بجٹ کو عوامی توقعات کے مطابق بہترین بنا کر پیش کیا جائے۔
اجلا س میں سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء راجہ بشارت، ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔