لاہور میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی ہے جس کے دوران متوازن بجٹ پیش کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان، حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتِ حال، کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
سردار عثمان بزدار اور مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان، وفاقی وزیر حماد اظہر اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں، اپوزیشن کو بجٹ پر تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے، موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا، بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
انہوں نے وزیرِ خارجہ کو بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کے لیے پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان میں اب ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق واپس کر رہے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کےنام پر لبے گئے فنڈز اپنے حلقوں پر لگائے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے وعدے نبھا رہی ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے 35 فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں، جنوبی پنجاب کے بجٹ کو کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی اور خوش حالی پر ہی صرف ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیئے:
جنوبی پنجاب صوبہ، سیاسی جماعتوں کو ایک صفحے پر لائینگے، شاہ محمود
سردار عثمان بزدار نے بھارت کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہری آبادی پر بھارت کی جانب سے حملے کے واقعات نہایت قابلِ مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔
اس موقع پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے، اس اقدام سے ان علاقوں میں گورننس بہتر ہو گی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی۔
وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر کے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔