پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار یاسر حسین کی جانب سے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد ایک معنی خیز پیغام سامنے آیا ہے۔
منفرد سرگرمیوں اور طنز و مزاح کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہنے والے یاسر حسین نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کرنے والے بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک معنی خیز اسٹوری شیئر کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کردہ اسٹوری میں یاسر حسین نے لکھا کہ ’انسان کے لیے اُس کا ذہنی سکون اور دماغی صحت دُنیاوی شہرت، دولت اور کامیابی سے بڑھ کر ہے۔‘
یاسر حسین نے لکھا کہ ’ہم سب دُنیا کی رنگینیوں میں کھو کر غلط راستے پر بھاگ رہے ہیں۔‘
اداکار نے لکھا کہ ’بینک بیلنس اور گاڑی کو اپنے پاس رکھنے کے بجائے اپنے گھروالوں اور دوستوں کو اپنے پاس رکھیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’سوشانت سنگھ جیسے کامیاب انسان کا اِس دُنیا سے اِس طرح چلے جانا اس بات کی دلیل ہے کہ انسان کی زندگی میں ذہنی سکون کتنا ضروری ہے۔‘
یاسر حسین نے اپنی اگلی اسٹوری میں لکھا کہ ’میرے ساتھی اداکار، ہدایتکار، پروڈیوسرز اور اسپاٹ بوائز ہر ایک کے لیے میرےفون کے دروازے ہمیشہ کے لیے کھولے ہیں۔‘
اداکار نے لکھا کہ ’آپ میں سے جو کوئی بھی ڈپریشن کا شکار ہے مجھ سے بات کرسکتے ہیں آپ کو خوش کرنا میرا کام ہے۔‘
آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ روز 34 سالہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ نے پھندہ لگا کر خودکشی کرلی تھی اور پولیس کے مطابق اُن کی خودکشی کی وجہ ڈپریشن ہے۔