بلوچستان کے وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ چاروں صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں اور اساتذہ کی زندگیاں عزیز ہیں، نجی اسکولز کو چند پیسوں کیلئے بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دیں گے۔
سردار یا رمحمد رند کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے حوالے سے 10 میگا پروجیکٹ رکھے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے ڈھائی تین ماہ سے بند ہیں مگر یہ اقدام بچوں کی صحت کے پیش نظر کیا گیا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر صوبے کے 12ہزار اسکولوں میں آئی ٹی ماہر بھرتی اور آئی ٹی لیب بنانے کی تجویز زیرغور ہے تاکہ طلبہ کو آن لائن تعلیم دی جاسکے۔
سردار یار محمد رند نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں ہر ضلع میں ایک ریذیڈنشل اسکول جبکہ ہر یونین کونسل میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت اسکولز کے قیام کی تجویز دے دی ہے۔