ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کی دوپہر ایک بجے کے قریب بھارتی شہر ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک خودکشی کے بعد جہاں بھارت کے سیاسی، سماجی اور شخصیات صدمے میں ہیں، وہیں عوام میں بھی ان کی خودکشی کے حوالے سے غم و غصہ پایا جاتا ہے۔تاہم زیادہ تر بھارتی عوام کسی حد تک سشانت سنگھ کی خودکشی کا ذمہ دار بولی وڈ انڈسٹری کو بھی ٹھہرا رہا ہے اور چند بولی وڈ شخصیات پر تو براہ راست ان کی خودکشی کے الزامات بھی لگائے جا رہے ہیں۔بھارت سمیت پاکستان میں 16 جون کو ٹوئٹر پر بائیکاٹ کرن جوہر گینگ مووی ٹاپ ٹرینڈ رہا اور اس ٹرینڈ کے تحت بھارتی عوام کی جانب سے فلم ساز کرن جوہر اور اداکارہ عالیہ بھٹ سمیت دیگر شوبز شخصیات کو اقربا پروری اور سشانت سنگھ راجپوت جیسے اداکاروں کو نظر انداز کرنے کے الزامات لگائے۔کئی افراد کا کہنا تھا کہ سونم کپور، عالیہ بھٹ اور سوناکشی سنہا جیسی اداکاراؤں کی نہ تو ذہانت اچھی ہے اور نہ ہی انہیں اداکاری آتی ہے، تاہم انہیں اداکاروں کے بچے ہونے کی وجہ سے انڈسٹری میں اہم مقام حاصل ہے اور سشانت سنگھ جیسے ٹیلنٹڈ اداکار پریشانی کا شکار بن کر زندگی کا خاتمہ کر دیتےہیں۔انڈیا ڈاٹ کام نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر پر لوگ سشانت سنگھ کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ انکتا لوکھنڈے کو ان کی خودکشی کا سبب قرار دے رہے ہیں، جس پر اداکارہ سونم کپور نے برہمی کا اظہار کیا۔رپورٹ کے مطابق لوگوں کی جانب سے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کا سبب ان کی سابق گرل فرینڈ سمیت دیگر اداکاروں کو قرار دینے پر سونم کپور نے عوام پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے بیہودہ الزامات لگانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔