تین روز قبل خودکشی کرنے والے 34 سالہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی ساتھی اداکارہ کریتی سینن کا سوشل میڈیا پر اپنے دوست کے لیے ایک جذباتی پیغام سامنے آیا ہے۔
بالی ووڈ فلم ’رابطہ‘ میں سوشانت سنگھ کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنے والی بھارتی اداکارہ کریتی سینن نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوشانت سنگھ کے ہمراہ اپنی کچھ یادگار تصاویر پوسٹ کیں جس کے ساتھ اُنہوں نے اپنے دوست کو یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام بھی لکھا۔
کریتی سینن نے لکھا کہ ’مجھے معلوم تھا کہ تمہارا ذہن تمہارا سب سے بہترین دوست ہونے کے ساتھ ہی تمہارا بدترین دشمن بھی تھا لیکن میں یہ دیکھ کر بہت اداس ہوں کہ تمہاری زندگی میں ایک ایسا لمحہ بھی آیا جہاں تم نے اپنی زندگی پر اپنی موت کو ترجیح دی۔‘
بھارتی اداکارہ نے لکھا کہ ’کاش تم اس طرح اُن لوگوں کو پیچھے چھوڑ کر نہیں جاتے جو تم سے محبت کرتے ہیں ، کاش میں وہ سب جان سکتی جو تم محسوس کرتے تھے اور جس کے باعث تم نے اتنا بڑا قدم اُٹھایا۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’میں بہت کچھ کرنا چاہتی تھی لیکن میں کچھ نہیں کرسکی اور مجھے اس کا بےحد افسوس ہے۔‘
کریتی سینن نے لکھا کہ ’تمہارے ساتھ میرے دل کا ایک حصہ بھی اس دُنیا سے چلا گیا ہے جبکہ میرے دل کا دوسرا حصہ ہمیشہ تمہیں زندہ رکھے گا۔‘
آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’میں کبھی تمہارے لیے دُعا کرنا نہیں چھوڑوں گی۔‘
یاد رہے کہ فلم ’رابطہ ‘ 2017 میں ریلیز ہوئی تھی اور اِس رومانٹک ڈرامہ فلم میں سوشانت سنگھ راجپوت اور کریتی سینن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے تین روز ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکار کا گلا پھانسی کی وجہ سے گھٹا جس کے بعد اُن کی موت واقع ہوئی۔