کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیوپاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت تمام ہمسایوں کے ساتھ تعلقات بگاڑ رہا ہے،ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نے کہا کہ کراچی کے لیے اسمارٹ لاک ڈاوٴن بہترین حل نہیں ہوسکتا،تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگایا جائے، ماہر وبا ئی امراض انڈس اسپتال ڈاکٹر ثمرین سرفرازکا کہنا تھاکہ ایمرجنسی میں وینٹی لیٹرز کی کمی ہے،پارلیمانی سیکریٹری صحت نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ملک میں پولیو کا ایک کیس بھی انفیکشن پھیلانے کے لیے کافی ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت تمام ہمسایوں کے ساتھ تعلقات بگاڑ رہا ہے پاکستان کے ساتھ تعلقات خراب تھے اور ہیں ۔کسی بھی حوالے سے گفتگو کرنا بے معنی ہے کیوں کہ جو نظریہ بھارت کا ہے وہ امن کے مخالف ہے مودی سرکار اپنے حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کر سکتی ہے اس لیے لائن آف کنٹرول پر مسلسل خلاف ورزیا ں کی جارہی ہیں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے یہ جانتے ہوئے کہ چین کا بارڈر بھارت کے ساتھ متنازع ہے جن کو اس پر اعتراض ہے وہاں تعمیرات شروع کردیں اور آپ چاہتے ہیں کہ چین خاموش رہے۔بھارت کے معاشی حالات خراب ہیں ،اس سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت بدامنی پھیلارہاہے۔