• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل/ ملبوسات :انوش فاطمہ

آرایش:دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی :عرفان نجمی

لے آؤٹ: تنویر شیخ

ایک طرف تو موسم کے تیور کچھ اچھے نہیں کہ دِن چڑھتے ہی پسینوں نہلاتی تیز دُھوپ جسم و جاں جھلسارہی ہے، تو دوسری جانب کورونا وائرس کے بڑھتے وار نے مُلک بَھر میں خوف کی فضا طاری کر رکھی ہے اور حال یہ ہے کہ معمولی سی طبّی تکلیف پر بھی دِل ہول سا جاتا ہے۔ اِک ڈرسا رہتا ہے کہ اگر کسی اپنے پیارے سے ہاتھ ملا یا یاملاقات کی، تو کہیں اجل ہی نہ ہاتھ تھام لے ۔ بہرحال، ایسےماحول میں بھی ہم سب نے خوف زدہ ہونے کی بجائے اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کے لیے بھرپور احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں اور خوف کے چنگل سے نکلنے کے لیے اپنے آس پاس کے ماحول میں اُمید کے دئیے بھی روشن رکھنے ہیں، تاکہ یہ کڑا وقت آسانی سے گزار ا جاسکے۔ 

آپ کی زندگی سے تناؤ اور خوف کا احساس کسی حد تک کم کرنے کے لیے ہم نے آج اپنی بزم اس قدر دِل کش اور جدّت و ندرت سے بَھرپور پیراہن سے مرصّع کی ہے کہ آپ جدھر نگاہ اُٹھائیں گی،ماحول میں خوش گواریت ہی سے گُھلی محسوس ہوگی۔ذرا دیکھیے ،زرد رنگ ٹراؤز کے ساتھ ڈبل لیئر قمیص کس قدرحسین لگ رہی ہے۔ ٹراؤزر کے باٹم پر انتہائی خُوب صُورت کام کیا گیا ہے، تو کہیں کہیں چھن بھی پڑے ہیں،جب کہ قمیص کا اِنرپلین اورقدرے چھوٹا ہے، تو کام دار فرنٹ اوپن اَپر نے لباس کے حُسن کو چار چاند لگادئیے ہیں۔

پھرآف وائٹ رنگ پیراہن بھی خُوب ہے کہ قمیص کےنیٹ اَپر پر سلور اورگِرے رنگ زری ورک کے ساتھ پھولوں کےموٹفس، نگوں اور موتیوں کی آرایش غضب ڈھا رہی ہے۔ ساٹن سِلک میں پیچ رنگ فلیپر کے ساتھ بھاری کام دار انگرکھے کی دِل کشی و رعنائی کسی سے کم نہیں،تو لائٹ اسٹیل بلیو رنگ کے ڈھیلے ڈھالے ٹراؤزر کے ساتھ ستارہ ورک سے آراستہ بند چاک کی قمیص کا لُک بھی بےحداسٹائلش ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین