قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے زندگی میں والد کی رہنمائی اور حمایت کا شکریہ ادا کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر اعظم نے عالمی یومِ والد کی مناسبت سے ایک پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے والد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاپا جی! آپ مجھے میچوں میں لے کر گئے، کڑی دھوپ میں کھڑے ہو کر مشاہدہ کیا۔‘
بابر اعظم نے اپنی کامیابیوں کا سہرا والد کے سر سجاتے ہوئے لکھا کہ یہ والد ہی کی محنت ہے کہ انہوں نے مجھے حوصلے اور صبر سے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ہمت دی۔
انہوں نے لکھا کہ والد صاحب نے گھڑی کی مرمت کے چھوٹے سے کاروبار سے ناصرف ہماری ذمہ داریاں پوری کیں بلکہ ہم میں اپنی اقدار، خواب اور روایات کو بھی منتقل کیا۔
اپنے ٹوئٹ کے آخر میں بابر اعظم نے والد کی ان تمام کاوشوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یومِ والد منایا جارہا ہے۔