وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس سے 3 ہزار 500 پاکستانی جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں تقریباً 72 فیصد جاں بحق افراد کی عمر 50 سال سے زائد تھی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ جاں بحق ڈھائی ہزار افراد کی عمر 50 سال سے زائد تھی، جاں بحق 70 سے75 فیصد افراد پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا تھے، کورونا سے جاں بحق افراد کو پہلے سے بلڈ پریشر، ذیابطیس یا دل کا عارضہ تھے۔
ڈاکٹر ظفر مرزار نے کہا کہ وزارت صحت نے بزرگ افراد کیلئے گائیڈ لائنز بنائی ہیں، بزرگ افراد کو احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کرناچاہیے۔
معاون خصوصی صحت نے کہاکہ وبا کے دوران ہمیں اپنے بزرگوں کا خاص خیال رکھنا ہے کیونکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہی کورونا سے بچا جاسکتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کورونا سے بچنے کے لیے عوامی مقامات پر فیس ماسک کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
معاون خصوصی صحت نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے 5 چیزوں کا خیال رکھنا ہے، کورونا سے بچاوَ کیلئے ماسک کا استعمال انتہائی ضروری ہے، پرہجوم جگہ پر کسی بھی قسم کا ماسک پہننا ضروری ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ دوسروں سے کم ازکم 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں، گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں، ہاتھوں کو 20 سیکنڈز تک بار بار دھونا انتہائی ضروری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بیمار افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں، کورونا سے بچنے کیلئے بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 76 ہزار 617 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 501 تک جا پہنچی ہے۔