• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو کی 67 ویں سالگرہ، سکھر ہاؤس میں تقریب، کیک کاٹا گیا

شہید بینظیر بھٹو کی 67 ویں سالگرہ، سکھر ہاؤس میں تقریب، کیک کاٹا گیا 


لاڑکانہ، سکھر، کراچی( بیورو رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ 67ویں سالگرہ کی تقریب سکھر ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کی سالگرہ کے دن مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ تفصیلات کے مطابق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ 67ویں سالگرہ کی تقریب سکھر ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں پی پی سٹی سکھر کے صدر مشتاق سرہیو، ڈاکٹر ارشد مغل، چوہدری اظہر حسنین، لیڈیز ونگ کی آپا ناہید سومرو ودیگر نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔ اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو سمیت دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری سورج گرہن کے خاتمے کے بعد نودیرو ہائوس سے گڑھی خدا بخش پہنچے جہاں انہوں نے اپنی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ وہ کچھ دیر تلاوت کلام پاک میں بھی مصروف رہے۔ انہوں نے بعد میں اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو، نانی بیگم نصرت بھٹو اور دیگر کے مزاروں پر بھی فاتحہ خوانی کی۔ فاتحہ خوانی کے بعد وہ واپس نوڈیرو ہائوس روانہ ہو گئے۔ نوڈیرو میں لاک ڈائون کے باعث بلاول بھٹو زرداری کی مصروفیات نہایت مختصر رہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی 67 ویں سالگرہ کے موقعے پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سالگرہ کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں فریال تالپور نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد ملک کے پسماندہ طبقات اور آنے والی نسلوں کیلئے تھی اور اسی جدوجہد کے دوران انہوں نے اپنی جان بھی قربان کردی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو دنیا کی ان عظیم مدبر رہنماوَں میں سے ایک تھیں، جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور انکی فکر و جدوجہد سے زمانے مستفید ہوتے ہیں۔ فریال تالپور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی پی پی شعبہ خواتین کے پلیٹ فارم سے پاکستانی خواتین کے حقوق کی جدوجہد کو مزید تیز کیا جائیگا، تاکہ ملک سے خواتین کے خلاف ہر قسم اور ہر جگہ سے امتیاز و غیر منصفانہ ماحول کا خاتمہ ہوجائے، جو کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ایک خواب اور مشن تھا۔

تازہ ترین