ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکار عامر خان اپنے بار بار لک بدلنے کیلئے جانے جاتے ہیں ۔ ان کی اہلیہ کرن راؤ کہتی ہیں کہ وہ کئی مرتبہ بھول جاتی ہیں کہ اصلی عامر خان کیسے نظر آتے ہیں ، لیکن کورونا وائرس کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈاؤن کے درمیان عامر خان کی اصلیت سامنے آگئی ہے ۔دراصل عامر خان کی عمر اب 55 سال سے زیادہ ہوگئی ہے ۔
وہ کسی عام آدمی کی طرح ی بوڑھے ہوگئے ہیں ۔ ان کے بال سفید ہوگئے ہیں ۔ اگرچہ کہ ان سفید بالوں میں بھی عامر خان کافی ڈیشنگ نظر آرہے ہیں ۔ ان کا یہ لک خود ان کی بیٹی نے شیئر کیا ہے ۔ اکیس جون کو فادرز ڈے کے موقع پر عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے ان کی یہ تصویر شیئر کی ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ یہ تصویر لاک ڈاؤن لی گئی ہے ۔
تصویر میں عامر خان ایک کرسی پر بیٹھے مسکرا رہے ہیں ۔ ان کے پیچھے ایران خان کھڑی ہیں اور وہ بھی مسکرا رہی ہیں ۔ اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے ایرا نے لکھا فادرز ڈے کی نیک خواہشات ، میرے ساتھ ہونے کیلئے شکریہ ۔ایرا خان یوں تو ابھی تک اداکاری کی دنیا سے دور ہیں ، لیکن اکثر سوشل میڈیا پر اپنی تصویروں کی وجہ سے چھائی رہتی ہیں ۔
فلمی پردے کی چمک دھمک سے ایرا دور رہنا پسند کرتی ہیں ، لیکن اپنی تصویروں کی وجہ سے وہ سرخیوں کا حصہ رہتی ہیں ۔آپ کو بتادیں کہ ایرا خان ہدایت کاری کے شعبہ میں اپنا کیریئر بنانا چاہتی ہیں ۔ ان کی ہدایت کاری میں بنا پہلا پلے گزشتہ سال دسمبر میں ریلیز کیا گیا تھا ۔