اسلام آباد(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دستور ریاست کے تمام شہریوں کے لئے جمہوریت، بنیادی حقوق اور سلامتی کا ضامن ہے اور اس کی بالادستی ہماری حقیقی منزل ہے‘ انہوں نے کہا کہ اس مقدس دستاویزکے تقدس کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ہوگا‘اس مقدس دستاویز کے ہر لفظ کی حفاظت اور اس کا دفاع کریں گے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار’ یوم دستور ‘ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا جو 10اپریل 2016کو ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔سردار ایاز صادق نے اس امرپر افسوس کا اظہار کیا کہ غیر جمہوری قوتوں کی جانب سے آئین کو معطل کرنے کی متواتر کوششوں کی وجہ سے ملک میں مضبوط وفاق اورجمہوری اقدار کے فروغ کے سفر کو دھچکا لگا‘ ان مہم جوئی کی سازشوں سے ملکی سلامتی، قومی ترقی اور انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ہوئی‘ان کا کہناتھاکہ جمہوری طاقتوں نے پاکستا ن میں آئین کی عملداری اور جمہوریت کی بحالی کے لئے جابر حکمرانوں کا مقابلہ کرتے ہوئے بے پناہ مشکلات کا سامنا کیا۔