• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت سفارتی کشیدگی شدید، بھارت نے بے بنیاد الزامات پر نئی دہلی میں پاکستان کا سفارتی عملہ نصف کردیا، پاکستان نے بھی بھارتی عملے میں 50 فیصد کمی کردی

بھارت نے پاکستان کا سفارتی عملہ نصف کردیا، پاکستان نے بھی بھارتی عملے میں 50 فیصد کمی کردی


اسلام آباد، نئی دہلی(نمائندہ جنگ، اے ایف پی)پاک بھارت سفارتی کشیدگی کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرگیا، بھارت نے بے بنیاد الزامات پر نئی دہلی میں پاکستان کا سفارتی عملہ نصف کردیا ، پاکستان نے بھی بھارتی عملے میں 50فیصد کمی کردی۔

دفتر خارجہ نے بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے پاکستانی سفارتی عملے کو بے بنیاد الزامات لگا کر ملک چھوڑنے کے حکم پر بھارتی ناظم الامور کو منگل کو وزارت خارجہ طلب کیا اور بے بنیاد بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ۔

دفتر خارجہ کی طرف سے بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کے اس فیصلے سے آگاہ کیاگیا کہ جوابی اقدام کے طورپر بھارتی ہائی کمشن کے عملے کی تعداد50 فیصد کم کی جارہی ہے۔ بھارتی ناظم الامور سے کہاگیا کہ اس فیصلے پر سات روز میں عمل درآمد کریں۔ 

دفتر خارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے حکام کی جانب سے سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کی کسی بھی خلاف ورزی کے بھارتی الزام کو دوٹوک طورپر مسترد کردیا ۔ 

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی الزامات سفارتکاروں میں کمی کا محض بہانہ ہے ، پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم انڈین ہائی کمیشن کی غیر قانونی سرگرمیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی، بھارت کی تازہ کارروائی مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور قابض بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے توجہ ہٹانے کی مایوسی پرمبنی ایک اورکوشش ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سے ملک بدر کئے گئے اس کے دو اہلکاروں پر تشدد کیا گیا اور اسلام آباد کا یہ اقدام ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے ، پاکستان نے جاسوسی کے الزام میں دو بھارتی سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا تھا جو پیر روز انڈیا پہنچ گئے ۔ 

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اپنے بیان میں ہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے نے ہمیشہ عالمی قوانین اور سفارتی آداب کی حدودقیود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دئیے ہیں۔ 

انھوں نے بھارتی وزارت امور خارجہ کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اوراسے قطعی طور پر مسترد کردیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھارت کا محض ایک بہانہ ہے تاکہ بھارت اس آڑ میں نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے عملے کی تعداد میں 50 فیصد کمی کرے۔ 

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشن کے حکام کی جانب سے سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کی کسی بھی خلاف ورزی کے بھارتی الزام کو دوٹوک طورپر مسترد کرتتے ہوئے اعادہ کرتا ہے کہ پاکستانی عملے نے ہمیشہ عالمی قانونی اور سفارتی آداب کی حدودقیود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دئیے ہیں۔ 

تازہ ترین