بلغراد (جنگ نیوز) ٹینس کی دنیا میں بھونچال آگیا۔ عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ 32 سالہ جوکووچ نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کروشیا سے بلغراد واپسی پر انہوں نے اپنی اہلیہ یلینا کے ہمراہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا ہے جبکہ ان کے بچوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں ۔ان سے قبل اسٹار ٹینس کھلاڑی وکٹر ٹرائیکی، گریگو دمتروف اور بورنا کورک کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے۔ یہ تمام کھلاڑی بلغراد میں جوکووچ کے نمائشی ٹورنامنٹ میں شریک تھے۔ جسے منسوخ کردیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں سماجی دوری کے پروٹوکول کو نظر انداز کیا گیا ۔ ٹینس پلیئرز میں کورونا پھیلنے پر جوکووچ کو مورد الزام ٹھہرایا جارہا ہے۔ تازہ ترین صورتحال نے بین الاقوامی ٹینس کے آغاز پر سوالات اٹھادیے ہیں۔ گذشتہ ہفتے مرد و خواتین کے ٹینس ٹورنامنٹس اگست سے شروع کیے جانے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ گرینڈ سلم یوایس اوپن بھی 31اگست سے کھیلا جائے گا۔