کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ایک روز قبل تشکیل دیے گئے پاکستان اسپورٹس بورڈ میں قومی کھیل ہاکی کو نمائندگی نہیں دی اور اس کے کسی بھی عہدے دار کو بورڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔ اس سے قبل سابق ہاکی کپتان سمیع اللہ اور نوید عالم، کرنل مدثر اسپورٹس بورڈ کی کسی نہ کسی کمیٹی کا حصہ رہے ہیں، حیرت انگیز طور پر نئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے حکام میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر اور سکریٹری کو بھی رکھا گیا ہے جن کے ابھی انتخابات بھی نہیں ہوئے ہیں اور عالمی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو معطل کئے جانے پر ایک ایڈہاک کمیٹی اس کے معاملات دیکھ رہی ہے، جبکہ پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری بھی پاکستان اسپورٹس بورڈ کے رکن مقرر کیے گئے ہیں اس طرح دو فیڈریشن کو دوہری رکنیت دی گئی ہے جبکہ قومی کھیل ہاکی کو نظر انداز کردیا گیا۔ پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن کے صدر میجر جنرل اکرم ساہی اور پی او اے کے صدر لیفیٹنٹ جنرل عارف حسن کو بھی رکن بنایا گیا ہے جو ماضی میں پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے حوالے سے ایک دوستے کے حریف رہے ہیں۔بعد میں انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی کے دبائو پر حکومت نے عارف حسن کو پی او اے کا صدر تسلیم کیا تھا۔