• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع راولپنڈی کی تین یونیورسٹیوں کیلئے بجٹ میں فنڈز مختص

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نےضلع راولپنڈی کی تین یونیورسٹیوں کیلئے بجٹ میں فنڈزمختص کئے ہیں جن میں سے دو نئے منصوبے ہیں۔ مختلف کالجز کیساتھ ساتھ راولپنڈی کے ہسپتالوں کیلئے بھی بجٹ میں رقوم رکھی گئی ہیں۔مری یونیورسٹی کے 299 اعشاریہ 500 ملین روپے کے منصوبہ کیلئے بجٹ میں پہلی مرتبہ 50ملین مختص ہوئےہیں۔ ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کیلئے بھی پچاس ملین روپے رکھے گئےہیں۔ایرڈ یونیورسٹی راولپنڈی کا ضلع اٹک میں سب کیمپس قائم کیا جارہا ہےجس کیلئے 100ملین روپے رکھے گئے ہیں۔ 786 اعشاریہ577ملین کے منصوبہ میں اب تک 229اعشاریہ218ملین روپے خرچ ہو چکے ہیں۔1500ملین روپے کی لاگت کی چکوال یونیورسٹی کی بھی تجویز ہے جس کیلئے95ملین روپے آئندہ مالی سال میں رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے تاہم ابھی تک تجویز منظور نہیں ہوئی ہے۔ گورنمنٹ کا لج فار ویمن سٹیلائیٹ ٹائون میں پی جی بلاک کیلئے17اعشاریہ373ملین روپے، وقار النسا کالج میں ہاکی سٹیڈیم کیلئےپانچ ملین ، سرور شہید کالج میں کرکٹ گرائونڈکیلئے پانچ ملین ، گرلز ڈگری کالج چک بیلی خان کیلئے52 اعشاریہ 999 ملین روپے،ڈگری کالج فار ویمن گوجرخان 6 اعشاریہ481ملین ،ڈگری کالج فار گرلز مندرہ کیلئے13اعشاریہ271ملین رکھے گئے ہیں۔ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری راولپنڈی کیلئے 34 اعشاریہ300ملین، انسٹی آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کیلئے384اعشاریہ225ملین، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی کے دو منصوبوں کیلئے288اعشاریہ451ملین، بینظیر بھٹو ہسپتال میں بلاک کیلئے 148 اعشاریہ 726ملین ،ہولی فیملی ہسپتال کیلئے پچاس ملین،مری میں 100بستروں کے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کیلئے20ملین مختص کئے گئے، دیگر منصوبوں کے لئے بھی فنڈز رکھے گئے ہیں۔
تازہ ترین