اسلام آباد( نیو زرپورٹر، نامہ نگا ر خصوصی) نامور عالم دین مولاناعزیزالرحمن ہزاروی کو دارالعلوم زکریاسرائے خربوزہ ترنول میں سپردخاک کردیاگیا ۔نمازجنازہ مولاناپیرمختارالدین شاہ کربوغہ شریف نے پڑھائی۔ ان کی عمر74برس تھی۔ ان کے بڑے بیٹے مولاناقاری عتیق الرحمن کوجانشین اورمفتی اویس عزیزکونائب مقررکردیاگیا ۔مولانا عزیز الرحمن ہزاروی منگل کی صبح پمزہسپتال میں انتقال کرگئے انہیں کچھ عرصہ قبل کوروناہواتھا مگروہ اس سے صحت یاب ہوگئے تھے منگل کی صبح انہیں گردوں کی تکلیف ہوئی انہیں ہسپتا ل منتقل کیاگیا مگروہ جانبرنہ ہوسکے ۔ دریں اثناءجمعیت علماء اسلام (ف)کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان اور مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے پیر عزیز الرحمن ہزاروی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی رحلت سے جمعیت علماء اسلام عظیم رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔