• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائلی اضلاع میں تعلیمی نظام بہتر بنائینگے‘اکبر ایوب خان

پشاور(نیوز ڈیسک)صوبائی وزیربرائے ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی نظام کی بہتری اور سکولوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ قبائلی عوام کو انضمام کے فوائد بہتر طریقے سے مل سکیں۔ قبائلی اضلاع میں سکولوں کی تعمیر، اپ گریڈیشن، تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنا، سہولیات کی فراہمی ‘سکول چھوڑنے کی شرح میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار مایہ ناز کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کو قبائلی اضلاع کے دو سکولوں کے لئے تدریسی و سائنسی سامان حوالہ کرنے کے لئے منعقدہ تقریب کے موقع پرکیا۔ملاقات میں سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ندیم اسلم چوہدری، محمد نواز شانگلہ، یونیسیف کی طرف سے فواد شاہ اور دیگر حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم نے گورنمنٹ پرائمری سکول اشرف کلے اور گورنمنٹ پرائمری سکول گل احمد کلے سکولوں کے لئے محکمہ تعلیم اور یونیسیف کے تعاون سے طلباء کے لئے لرننگ کٹس، اساتذہ اور طلباء کے لئے فرنیچر، بلیک بورڈز اور دوسرا سامان حوالہ کیا جس سے مجموعی طور پر 429 طلباء مستفید ہوں گے۔ اکبر ایوب خان نے کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کا قبائلی اضلاع میں تعلیم کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں اور ان کی خصوصی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین