بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکار نوازالدین صدیقی کی اپنے آبائی گاؤں میں کھیتی باڑی کرتے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 46 سالہ اداکار نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کھیتوں میں کام کرنے کے بعد ہاتھ منہ دھوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
شئیر کی جانے والی ویڈیو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اداکار نے دن بھر کھیتوں میں مشقت کی ہے کیونکہ اداکار کے کپڑوں پر مٹی اور پسینے کے نشانات واضح ہیں اور وہ نہر کے پاس بیٹھ کر شام کے وقت منہ دھو رہے ہیں۔
ویڈیو شئیر کرتے ہوئے اداکار نے لکھا کہ آج کے دن کی مشقت کا اختتام ہوا۔ ویڈیو کے اختتام میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکار نہر سے ہاتھ منہ دھونے کے بعد گھر کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار متعدد انٹرویوز میں اس بات کا انکشاف کرچکے ہیں کہ انہیں اپنے آبائی گاؤں میں کھیتی باڑی کر کے قلبی سکون حاصل ہوتا ہے۔
اداکار کا اپنی زندگی کے اس پہلو کے بارے میں کہنا ہے کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر سے کاشت کاری شروع کر دی تھی، وہ خود بھی کسان رہ چکے ہیں اس لیے ان کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں۔
اداکار نواز الدین صدیقی کے والد نواب الدین صدیقی خود بھی ایک کسان تھے، انہوں نے اپنے صاحبزادے پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کریں اور کھیتی باڑی کے کام سے دور رہیں۔