اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ مسائل کے پائیدار حل کیلئے مسلم اُمہ کا عالمی اتحاد ناگزیر ہوچکا ہے، بھارت اور مقبوضہ جموں وکشمیر میںمسلمانوں پر مظالم کیخلاف عرب ممالک کے شہریوں بیانات حوصلہ افزا ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقد بین الاقوامی ویبی نار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ویبی نار کی صدارت آئی پی ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد رحمان نے کی جبکہ پاکستان کی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق محترمہ شیری مزاری ، برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد، برطانوی ممبر پارلیمنٹ خالد محمود، ترک وزیراعظم کے مشیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر حمیت ایرسوئی، مصری قومی آئینی کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر کمال ہیلبوائی، استنبول یونیورسٹی ترکی کے پروفیسرڈاکٹرحلیل طوکار اور قطر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فرحان مجاہد چک نے اپنے اپنے خطابات میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کی انتہا ہوچکی، اس لیے ان دیرینہ مسائل کوحل کرانے کےلئے مسلم اُمہ کا اتحاد ناگزیر ہوچکا ہے۔