• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حقیقی تبدیلی اور مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے، سینیٹر سراج الحق

کراچی (این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقلاب اور حقیقی تبدیلی صرف اسلام کے عادلانہ و منصفانہ نظام کے قیام سے ہی ممکن ہے اور اسلامی نظام ہی ملک و قوم کے مسائل کا حل ہے۔ کراچی پاکستان کا سب سے زیادہ آبادی والا شہر ہے یہاں لوڈ شیڈنگ ہونا باعث شرم ہے۔

شہریوں کو بھاری بل بھیجے جارہے ہیں اور بجلی غائب ہے، کراچی پاکستان کو 75فیصد ٹیکس دے رہا اس کے باوجود شہری فٹ پاتھ پر سونے پر مجبور ہیں۔عوام کو پینے کا صاف پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات میسر نہیں ہیں، اسپتالوں کا بہت برا حال ہے، مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث حکومت نے مدارس اور اسکول بند کیے لیکن ان کو کھولنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں دیاجا رہا ہے۔تعلیمی اداروں اور مدارس کے اساتذہ کو کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جا سکیں ہیں۔ حکومت کورونا کے لیے جمع شدہ 12 سو ارب روپے میں سے دینی مدارس اور اسکولوں کے لیے بھی ریلیف پیکیج کا اعلان کرے تا کہ اساتذہ کو تنخواہیں دی جاسکیں۔

قبل ازیں انہوں نے ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم کے صاحبزادے مفتی نعمان نعیم سے جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔علاوہ ازیں سینیٹر سراج الحق نے ممتاز ذاکر و عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر اہل خانہ اور دیگر افراد سے ملاقات کی اور مرحوم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین و پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر امیر ممتاز حسین سہتو، حافظ نعیم الرحمن،عبد الوہاب،عبد الرزاق خان، محمد اسحاق خان، فضل احد، زاہد عسکری، ملک نعیم،ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، فاروق نعمت اللہ و دیگر بھی موجود تھے۔

تازہ ترین