• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی لورالائی میں کارروائی‘بیکنگ یونٹس کو جرمانہ

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے لورالائی شہر میں کارروائی کرتے ہوئے غیرمعیاری بیکری پروڈکٹس کی تیاری پر آٹھ بیکنگ یونٹس پر جرمانے عائد کردیئے، کارروائی کے دوران بیکرز سے برآمد ہونے والی ناقص و زائد المیعاد اشیاء موقع پر تلف کر دی گئیں جبکہ متعدد کھانے پینے کے مراکز کو وارننگ نوٹسز جاری کئے گئے ،بی ایف اے حکام کے مطابق مذکورہ بیکنگ یونٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی موجودگی،مضر صحت نان فوڈ گریڈ کلرز و ناقص کریم کے استعمال اور زنگ آلود بیکنگ ٹریز پر جرمانہ کیا گیا۔بی ایف اے معائنہ ٹیم کی جانب سے لورالائی کے مختلف علاقوں میں قائم ہوٹلوں، فاسٹ فوڈ کارنر، ہول سیل ٹریڈرز، میٹ شاپس،جنرل اسٹورز اور ملک شاپس کا معائنہ کیاگیا، مذکورہ کھانے پینے کے مراکز میں اشیاءخوردونوش کی تیاری کے عمل،غذائی اجزاء کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔مزید برآں بی ایف اے کی فوڈ سیفٹی ٹیم نےمراکز کے مالکان وعملے کو حفظان صحت کے اصولوں، اس حوالے سے بی ایف اے کے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے اور عوام کو معیاری اجزاء سے تیار کردہ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت و اس بارے آگاہی دی گئی جبکہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے خصوصی ہدایات نامے بھی دیئے گئے۔
تازہ ترین