• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے درمیان آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر مشاورت ہوئی ہے۔

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہبازشریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے میاں شہباز شریف سے فون پر ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔


چیئرمین پی پی پی نے قائدِ حزبِ اختلاف سے سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ شہباز شریف نے مزاج پرسی اور نیک تمناؤں پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے ان کے والد آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔

صدر مسلم لیگ اور قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے سابق صدر آصف زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیئے: بلاول بھٹو کی شہباز شریف سے ملاقات

ترجمان نون لیگ کے مطابق گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری اور شہباز شریف کے درمیان رواں ماہ پیش کیے گئے وفاقی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور ملک کو درپیش صورتِ حال پر کل جماعتی کانفرنس بلانے پر مشاورت بھی کی۔

تازہ ترین