• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیٹو اتحادی اپنی آمدنی کا 2 فیصد دفاع کیلے مختص کریں، امریکا

امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے ایک بار پھر اپنے نیٹو اتحادیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی آمدنی کا کم از کم 2 فیصد دفاع کے لیے مختص کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج نیٹو ہیڈ کوارٹرز برسلز میں نیٹو سیکریٹری جنرل جین اسٹولٹن برگ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

باقاعدہ ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ نیٹو کے ساتھ اپنی شراکت داری کیلئے پرعزم ہے۔

نیٹو میں ہمارے اتحادیوں نے بہتر کارکردگی دکھائی ہے لیکن ضروری ہے کہ وہ اسے اپنی مجموعی آمدنی کے دو فیصد تک بڑھائیں۔

قبل ازیں نیٹو ہیڈ کوارٹرز برسلز میں سیکٹری جنرل جین اسٹولٹن برگ نے امریکی وزیر دفاع کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ یورپ میں امریکی افواج کی موجودگی ہمارے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور ہم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہمارے ساتھیوں کو اپنے آپ کو مضبوط رکھنے کے لئے خرچ کرتے رہنا چاہئے تاکہ یہ صحت کا بحران دفاعی بحران میں تبدیل نہ ہو جائے۔

نیٹو سیکریٹری جنرل نے اس موقع پر متنبہ کیا کہ اس وباء سے قبل کے دفاعی مسائل ختم نہیں ہوئے ہیں۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ اس ملاقات میں کورونا وباء کی دوسری ممکنہ لہر سے نمٹنے کی تیاری، روس کے نئے میزائل سسٹم اور افغانستان سمیت دوسرے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔

یاد رہے کہ ان دنوں امریکہ اور جرمنی کے درمیان دفاعی اخراجات میں اضافے کے حوالے سے کشیدگی جاری ہے، اور امریکہ نے دھمکی دی تھی کہ جرمنی میں تعینات اپنے دس ہزار فوجی نکال کر پولینڈ لے جائے گا۔

تازہ ترین