اسلام آباد(عاصم یاسین) سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہےکہ اسامہ بن لادن کی القاعدہ کارساز کے بڑے حملے،میریٹ ہوٹل بم دھماکوں اور شہید بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث ہے۔اگر اسامہ بن لادن شہید ہے تو کیاپھر ہمارے جوانوں کی جانیں ضائع گئیں؟ جمعرات کو پیپلز پارٹی کے اوورسیز ورکرز کےلئے منعقدہ ویب نار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ملک کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کے بیان نے ان کی تمام کوششوں اور قربانیوں کو نظرانداز کردیا اور نقصان پہنچایا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک نے یہاں پہنچنے کے لئے دنیا کی ایک بدترین شورش کامقابلہ کیا ، پارلیمنٹ میں اسامہ بن لادن کی تعریف کرنا قابل مذمت ہے۔