• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں پیٹرولیم قیمتوں میں کم اضافہ ہوا، شبلی فراز

کورونا وائرس کی وباء نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے،شبلی فراز


وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کہتے ہیں کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کم اضافہ ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں دیکھا، اسی وجہ سے قیمتوں میں نظرِ ثانی کرنا پڑی۔

شبلی فراز کا یہ بھی کہناہے کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں کم اضافہ ہوا، عوام کی فلاح پہلی ترجیح ہے، انہیں ریلیف دینے کی کوشش کرتے رہیں گے۔



واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا جس کا اطلاق 26 جون 2020ء سے ہو گیا یعنی یکم جولائی سے 4 دن پہلے ہی نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔

جمعے کو وزیرِ اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری منظور کرلی جس کے بعد وزارتِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 100 روپے 10 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 101 روپے 46 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23 روپے 50پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 59 روپے 6 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

وزیرِ اعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کی منظوری دیدی

وزارت ِخزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 55 روپے 98 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

تازہ ترین