• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25 روپے اضافے سے آئل مافیا کو اربوں کا فائدہ پہنچایا گیا: کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ یکمشت 25 روپے اضافے سے آئل مافیا کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا گیا۔

ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پیٹرول مہنگا کر کے غریبوں پر مہنگائی کا نیا بم گرا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہتھیار ہی ڈالنے تھے تو پھر مافیا سے لڑنے کا اعلان کیوں کیا، پہلے مصنوعی قلت سے عوام کو تنگ کروایا گیا تا کہ پیٹرول دوبارہ مہنگا کیا جا سکے۔

قمر زمان کائرہ نے کہاکہ لگ رہا ہے آٹا، چینی، آئل اور دیگر مافیاز مل کر یہ حکومت چلا رہے ہیں، مافیاز کو لگام دینے کا اعلان کرنے والوں کو ہر مافیا کے سامنے جھکنا پڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ غریب آدمی کی زندگی سہل ہونے کے بجائے دن بہ دن اور کٹھن ہوتی جا رہی ہے، ملک اناڑی کپتان اور نااہل ٹیم کے ہاتھوں مزید تباہ کاریوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

صدر پی پی پی پنجاب قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت عوام کی سہولت کے لیے جلد مثبت اقدام لے ورنہ اسے گھر جانا ہو گا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا جس کا اطلاق 26 جون 2020ء سے ہو گیا یعنی یکم جولائی سے 4 دن پہلے ہی نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔

جمعے کو وزیرِ اعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سمری منظور کرلی جس کے بعد وزارتِ خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 25 روپے 58 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 100 روپے 10 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد 101 روپے 46 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 59 روپے 6 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے اور اس کی نئی قیمت 55 روپے 98 پیسے مقرر کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

تازہ ترین