• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کا طوفان نہیں رکے گا، عمران خان اپنی ناکامیوں کا اعتراف کریں اور استعفیٰ دیں، شاہد خاقان عباسی،خواجہ محمد آصف،احسن اقبال

’مہنگائی کا طوفان نہیں رکے گا‘


اسلام آباد (جنگ نیوز،این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ اجلاس کے دور ان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے قابل قبول نہیں، اضافہ پارلیمنٹ اور عوام کی توہین ہے۔

مہنگائی کا طوفان نہیں رکے گا،عمران خان اپنی ناکامیوں کا اعتراف کریں اور استعفیٰ دیں، تحریک انصاف اپنا نیا لیڈر منتخب کرے،اگر عمران خان کو زیادہ مہلت ملی اور یہ پالیسیاں جاری رہیں تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا،شخص قومی اداروں کو اپنی انا کیلئے استعمال کرے اس سے بڑا بزدل کوئی نہیں۔ 

ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی،خواجہ محمد آصف،سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور خرم دستگیر خان نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پیٹرول کی حقیقی قیمت67 روپے، باقی سب ٹیکس ہیں، حکومت ٹیکس وصولی، معیشت کو سنبھالنے میں ناکام ہوچکی، عوام کے سڑکوں پر آنے اور جمہوریت کو خطرہ ہے۔ 

خواجہ آصف بولے کہ مہنگائی کا طوفان یہاں نہیں رُکے گا، عمران خان اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، جرأت ہے تو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے عمران خان استعفیٰ دیں۔ احسن اقبال نے کہا عمران خان آپ کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کا وقت آگیا ہے، آپ کریز چھوڑدیں۔ 

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نے جو بجٹ بنایا ہے نہ اسکی آمدن کے زرائع اور رقم درست ہے،نہ ہی اخراجات کی تفصیلات درست ہیں،بجٹ کے معاملے پر اگلے ہفتے تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے ۔ 

انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی بجٹ پر بحث کر رہی ہے اور پٹرول کی قیمت میں 34 فیصد اضافہ سے بڑا بوجھ ڈال دیا گیا ہے،بجٹ اجلاس کی دوران یہ عمل بالکل قابل قبول نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ پاکستان پٹرول 55.56 قیمت پر خرید رہا ہے،س پر 44 روپے ٹیکس لگایا جارہا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ اگر ٹیکسز نہ لگائے جائیں تو پٹرول کی قیمت سے 67 روپیے ہونی چاہیے۔ 

خواجہ آصف نے کہاکہ اگر عمران خان کو زیادہ مہلت ملی اور یہ پالیسیاں جاری رہی تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔خواجہ محمد آصف نے کہاکہ جو شخص قومی اداروں کو اپنی انا کے لیے استعمال کرے اس سے بڑا بزدل کوئی نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے استعفیٰ دیں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف اپنا نیا لیڈر منتخب کرے۔

تازہ ترین