• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپین یونین کا کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے مزید 4.9 ارب یورو دینے کا وعدہ

یورپین یونین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تیاری کیلئے مزید 4 ارب 90 کروڑ یورو دینے کا وعدہ کر لیا۔ یہ وعدہ یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین نے ہفتے کے روز منعقد ہونے والی ’گلوبل پلیجنگ‘ سمٹ میں کیا۔

’گلوبل گول ۔ یونائیٹ فار اوور فیوچر‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس آن لائن کانفرنس میں کو چئیرمین کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ارسلا واندر لین نے کہا کہ ہم اس وباء کو اس وقت ختم کر سکتے ہیں جب یہ ہر طرف سے ختم ہو جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ اس کیلئے ٹیسٹنگ، علاج اور اس کی ویکسین ہر شخص کو دنیا میں ہر جگہ دستیاب ہو۔

ارسلا واندر لین کا کہنا تھا کہ اس کے لیے 4 مئی سے انہوں نے دنیا بھر کے لیڈروں کے ساتھ ملکر ویکسین کی تیاری کے لیے 10 ارب یورو کے عطیات اکٹھے کرنا شروع کیے تھے، اور اس کے لیے آرٹسٹس ان ٹوڈیز ایونٹ اور گلوبل سٹیزن کا تعاون حاصل کیا تھا۔

یورپین کمیشن کی صدر نے مزید کہا کہ وہ ’ویکسین سب کیلئے‘ کے کثیرالجہتی نظریے پر مکمل یقین رکھتی ہیں۔ ایسے میں یہ سوچنا کہ اس وباء سے بچاؤ کی ویکسین صرف اپنے ہی لوگوں کو میسر آئے اور دوسرے اس سے محروم رہیں، انتہائی غلط خیال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے سے منسلک دنیا میں رہتے ہیں۔ کوئی اکیلا ملک بھی اس وباء سے پہلے کے نارمل حالات میں نہیں رہ سکے گا، جب دوسرے ممالک اس سے لڑ رہے ہوں گے  تبھی یہ ختم ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ اس کیلئے سب سے پہلے ویکسین اور دوسرے مرحلے میں اسے سستی کرنا ہوگا۔

یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندر لین نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب سے اس بحران کا آغاز ہوا ہے ہم نے ریاستوں، صحت کے بین الاقوامی اداروں، انسان دوستوں اور کاروباری اداروں کا ایک نیٹ ورک تشکیل دیا ہے۔

  ہم نے اس کو بالکل اسکریچ سے شروع کیا ہے کیونکہ اس طرح کا کوئی کام بھی اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔ لیکن اس سارے کا مقصد تبھی حاصل ہوگا جب دنیا بھر کے ہر بچے خاتون اور سارے لوگوں کو یہ ویکسین سستی دستیاب نہیں ہو جاتی۔

تازہ ترین