• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ام حبیبہ نور

پُرانے زمانے میں کئی معمولی نوعیت کے طبّی مسائل کے علاج کے لیے ادویہ وغیرہ کم ہی استعمال کی جاتی تھیں، زیادہ ترگھریلو آزمودہ ٹوٹکے ہی مستعمل تھے، جو مضراثرات سے بھی پاک ہوتے تھے۔ تو لیجیے،ذیل میں چند گھریلو ٹوٹکے بیان کیے جارہے ہیں،تاکہ بوقتِ ضرورت کام آسکیں۔

کمر درد: لہسن کا تیل کمردرد کے لیے اکسیر ہے۔ لہسن کاتیل بنانے کے لیے ناریل، سرسوں اور تِلوں کا تیل(تینوںتیل ہم وزن ہوں)آدھا کپ لے کر گرم کرلیں۔ پھر اس میں دس عدد لہسن کے جوے شامل کرکے اُس وقت تک فرائی کریں، جب تک براؤن نہ ہوجائیں۔ پھر چولھا بند کر کے تیل نتھار لیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔بعد ازاں، بوتل میں بَھر کر رکھ لیں۔جب بھی کمر درد ہو، تو اس تیل سے مساج کرکے کچھ دیر بعد ہلکے نیم گرم پانی سے نہا لیں۔ 

ایک اور نسخےکے مطابق سفید زیرہ قدرے موٹا کُوٹ کر کسی بوتل میں بَھر کر رکھ لیں۔چکنی مٹّی کےپیالے میں تازہ پانی ڈال کر رات بَھر کے لیے رکھیں اور صُبح نہار منہ آدھا چائے کا چمچ کُٹا ہوا سفید زیرہ اور اس میں چند دانے چینی شامل کرکے کھا کے اوپر سے مٹّی والے پیالے کا تھوڑا سا پانی لیں۔ ایک ہفتہ استعمال کریں، کمر درد کی ساریشکایت دُور ہوجائے گی۔

کم زور بال:آملہ500گرام، سیکاکائی 250گرام اور میتھی دانہ 125گرام پیس کر سفوف بنالیں۔جب بھی بال دھونے ہوں، توتقریباً ایک گلاس پانی میں 25گرام سفوف لے کر 20منٹ تک بھگودیں۔بعد ازاں ،اس سے شیمپو کی طرح بال دھولیں۔

بڑھا ہوا پیٹ:سونٹھ، پودینا، کلونجی، دیسی اجوائن، کالا زیرہ، سونف اور سبز الائچی ایک ایک چمچ لے کر مِکس کریں اور پیس کر رکھ لیں۔ ہر کھانے کے بعد آدھا چمچ سفوف قہوے کے ساتھ پیئں۔ اس سے بڑھا ہوا پیٹ اندرہوجائے گا۔ علاوہ ازیں، بغیر کسی طبّی تکلیف کے بھی یہ سفوف استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں کہ اس میں شامل تمام اجزاء جسمانی صحت کے لیےفائدہ مند ہیں۔ مثلاً سونف کے استعمال سے بار بار بھوک نہیں لگتی۔ سونٹھ کھانا ہضم کرتا ہے، کالا زیرہ، اجوائن اور پودینا جسم کی اضافی چربی ختم کرنےکے لیے اکسیر ہے اور کلونجی میں کسی ایک نہیں، بلکہ ہر مرض کی شفا ہے۔

سیاہ انگلیاں:دودھ میں بیسن، ہلدی اور لیموں کا رَس مِکس کرکے گاڑھا سا آمیزہ بنالیں۔پھر اسے ہاتھوں اور پیروں کی انگلیوں پر ملیں۔ چند ہی دِنوں کے استعمال سے سیاہ پڑتی انگلیاں صاف ہوجائیں گی۔

دانت کا درد:دانت میں درد ہو، تو ٹوتھ برش پر چند قطرے لونگ کا تیل ڈال کر برش کریں۔بعد ازاں، معالج سےرجوع کرلیا جائے۔

سیاہ حلقے:ایک لیموں کا رَس نکال کر اس میں چند قطرےروغنِ چنبیلی مِکس کرکے رات سونے سے قبل آنکھوں پر لگالیں۔چند ہی روز میںسیاہ حلقے دُور ہوجائیں گے۔

داغ دھبّے:ایک چمچ دودھ میں چند قطرے گلیسرین مِکس کر چہرے پر لگائیں۔اس سے نہ صرف چہرے کےداغ، دھبّے صاف ہوجائیں گے، بلکہ تروتازگی اور نکھار بھی آئے گا۔علاوہ ازیں،اگر روزانہ دِن میں ایک باردو چمچ دہی میں تھوڑی سی ہلدی مِکس کرکے پورے چہرے پر 20منٹ کے لیے لگاکر دھولیں،تو چہرہ کھل اُٹھے گا۔

بڑھتی عُمر کے اثرات : 40سال کی عُمر کے بعد چہرہ خاص توجّہ کا متقاضی ہوتاہے۔چہرے کی رونق، چمک دمک کے لیے آٹھ عدد بادام لےکر اس کا سفوف بنالیں، پھر ایک ٹماٹر کا گودا نکال کر اس میں یہ سفوف شامل کرکے پیسٹ بنائیں اور رات سونے سے قبل یہ آمیزہ چہرے پر دس سے پندرہ منٹ کے لیے لگاکردھولیں۔ بغیر ناغہ ایک ماہ کے استعمال سے چہرے پر نکھار آجائے گا۔

جُھریاں: کھیرےاور لیموں کا رَس مِکس کرکےچہرے پر 10سے15منٹ تک لگانےسے جُھریاں ختم ہو جاتی ہیں۔

تازہ ترین