• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود قریشی کی اسٹاک ایکسچینج حملے کی مذمت


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دشمن نے ایک دفعہ پھر ہماری داخلی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی، ہماری مستعد فورسز نے فوری طور پر جس طرح دہشت گردوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے، پوری قوم، مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔

وزیر خارجہ نے اس بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی بلندی درجات کیلئے دعا اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گروں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گروں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار سمیت 4 سیکیورٹی گارڈ بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل عمر احمد بخاری کاکہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی پشت پناہی پر پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے۔

تازہ ترین