اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اسمبلی میں اپنی اکثریت نہیں دکھا پائے ہیں۔
قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں خرم دستگیر نے کہا کہ حکومت کو 172 لوگوں کی اکثریت چاہیے، آج 160 لوگ تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی بینچوں پر سراسیمگی پھیلی ہوئی ہے، بجٹ عارضی نوعیت کی پٹی ہے، جو بہت گہرے گھاؤ لگاتی ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اشیائے خورونوش کی مہنگائی عوام کے لیے گہرا گھاؤ ہے، حکومت مافیا کی سہولت کار ہے اور مافیاز کے آگے گھٹنے ٹیک چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرول سستا ہوا تو مارکیٹ سے غائب ہوگیا، جب پٹرول مہنگا ہوا تو راتوں رات ندیاں بہہ گئیں۔
خرم دستگیر نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ایک اور بجٹ لانا پڑے گا، وزیراعظم کے پاس پارلیمنٹ میں 12 نمبر کم ہیں، اب ہر دن ان کےلیے مشکل ثابت ہوگا۔