• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت جلد پاکستانی پہاڑی علاقوں میں گھومتے دیکھیں گے، اسریٰ بلجیک

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک)اسراء بلجیک نے پاکستانیوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جلد انہیں پاکستان کے پہاڑی علاقوں میں گھومتے پھرتے دیکھیں گے۔اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ حلیمہ سلطان کا مرکزی کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اسراء بلجیک نےانٹرویو کے آغاز میں عمران خان کے اعلان کو یادگار اعلان قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب یہ اعلان سامنے آیا کہ ’دیرلیش ارطغرل‘ کو اُردو زبان میں ڈب کرکے پاکستان میں نشر کیا جائے گا تو اُس وقت مجھے بہت حیرت بھی ہوئی تھی اور فخر بھی محسوس ہوا تھا۔اُنہوں نے انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ پاکستان کے تین مختلف برانڈز کے ساتھ کام کرنے والی ہیں اور وہ اس بات کا باقاعدہ اعلان کچھ دن میں ایک پریس ریلیز کے ذریعے کریں گی۔ترک اداکارہ نے ’ارطغرل غازی‘ کی دنیا بھر میں کامیابی کے حوالے سے کہا کہ ’جب میں نے اور میرے ساتھی اداکاروں نے پہلی بار ارطغرل غازی کی شوٹنگ شروع کی تھی تو ہمیں اس وقت یہ معلوم تھا کہ ترکی میں یہ سیریز ضرور کامیاب ہوگی لیکن ہمیں اس بات کا اندازہ بالکل نہیں تھا کہ دُنیا بھر میں بھی ہماری سیریز کو خوب مقبولیت اور پذیرائی حاصل ہوگی۔اسراء بلجیک نے کہا کہ ’ترکی کے علاوہ پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ کی کامیابی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم سب کے جذبات اور احساسات ایک جیسے ہیں، ہم اسلامی تاریخ جاننا چاہتے ہیں۔پاکستان آنے کی متعدد بار خواہش کا اظہار کرنے والی اسراء نے ایک بار پھر ناصرف اسی خواہش کا اظہار کیا بلکہ یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ جلد اپنے کیمرے کے ساتھ پاکستان کے پہاڑی علاقوں جیسے بابو سر ٹاپ، آزاد کشمیر اور دیوسائی میں تصویر کشی کرنے اور اپنی ڈاکیومینٹری کے لیے یہاں آئیں گی۔ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی مداحوں کو یہ خوشخبری بھی سنائی کہ پاکستانی انہیں جلد جھیل سیف الملوک اور وادی ہنزہ میں گھومتے پھرتے دیکھیں گے۔27سالہ اداکارہ نے اپنی ڈاکیومنٹری کے حوالے سے بتایا کہ وہ ایک ڈاکیومنٹری پروجیکٹ بعنوان ’بحران کی صورتحال میں فطرت کا ردعمل‘ لکھ رہی ہیں جس میں وہ شہروں کے بننے سے زرعی زمین، جنگلات اور جانوروں کی پناہ گاہوں کے متاثر ہونے کو مضمون کا حصہ بنائیں گی۔

تازہ ترین