اسلام آباد(نیوز ایجنسیز/ مانیٹرنگ سیل ) امریکا،چین،جاپان،ایران کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی گئی ہے۔ترجمان امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں اور ہمدردیاں حملے کا نشانہ بننے والوں کے ساتھ ہیں، حملے میں ملوث افراد کو یقیناً انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان کی قومی سلامتی اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان میں جاپانی سفیر نے کہا ہے کہ حملہ اس وقت ہوا جب پاکستان تیزی سے امن و استحکام کی طرف رواں ہے۔جاپانی سفیر کا کہنا ہے کہ جاپان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا ہے کہ پاک فوج سے تمام شعبوں میں شکست کھا کردہشت گرد اپنی فرضی طاقت کااظہار کر رہےہیں۔