• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے ٹک ٹاک سمیت 59؍ چائنیز اسمارٹ فون ایپس پر پابندی عائد کر دی


کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت نے چین کی 59؍ا سمارٹ فون ایپس بشمول ٹک ٹاک، یو سی براؤزر، وی چیٹ اور بیگو لائیو کو ملکی خود مختاری، سالمیت، دفاع اور عوامی امن عامہ کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی لگادی ہے۔ یہ فیصلہ چین اور بھارت کے درمیان لداخ میں حالیہ کشیدگی کے بعد کیا گیا اور یہ چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف کیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا اقدام قرار دیا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی شہریوں کے ڈیٹا سیکیورٹی اور پرائیویسی کے تحفظ کے حوالے سے چائنیز ایپس کے استعمال کے متعلق خدشات موجود تھے، اس کے علاوہ ملکی خودمختاری اور سیکیورٹی کیلئے بھی خطرات کے خدشات سامنے آئے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو متعدد ذرائع سے لاتعداد شکایات ملی تھیں کہ اینڈرائیڈ اور ایپل پلیٹ فارمز پر موجود مختلف موبائل ایپس کے غلط استعمال کو رپورٹ کیا گیا۔ یہ ایپس صارفین کا ڈیٹا چوری اور غیرقانونی طریقے سے بھارت سے باہر سرورز پر منتقل کررہی تھیں۔ بھارتی وزارت خارجہ کے تحت انڈین سائبر کرائم کو آرڈینیٹ سینٹر نے ان ایپس کو بلاک کرنے کی سفارشات وزارت آئی ٹی کو ارسال کی تھیں۔ 2015ء سے 2019ء کے دوران چائنیز کمپنیوں بشمول علی بابا اور دیگر نے بھارتی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ساڑھے 5 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی تھی۔ واضح رہے کہ بھارت اور چین کے فوجیوں کے مابین 15 جون کو ہونے والے تصادم میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد بھارت کی جانب سے چین کیخلاف کیا جانے والا یہ اہم اقدام ہے۔

تازہ ترین