• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا سے 4 ہزار 304 اموات


پاکستان میں کورونا وائرس اتنی تیزی سے پھیل رہا ہے کہ یہ زیادہ مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں چین، فرانس، سعودی عرب، ترکی اور جرمنی سے بھی آگے نکل کر 12 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

ملک میں گزشتہ 24گھنٹے میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 846 نئے کیسز سامنے آ گئے، جبکہ اس دوران اس موذی وباء کے ہاتھوں مزید 118 افراد لقمۂ اجل بن گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 337 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 4 ہزار 304 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک میں 1 لاکھ 6 ہزار 530 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 98 ہزار 503 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 81 ہزار 985 ہو چکی ہے، جبکہ 1 ہزار 343 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 75 ہزار 501 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 727 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 26 ہزار 115 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 935 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 12 ہزار 775 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 128 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: خیبر پختون خوا میں کورونا سے مزید 13 افرادجاں بحق

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 10 ہزار 426 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 119 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں 1 ہزار 470 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 24 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا کے اب تک 1 ہزار 65 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 28 مریض وفات پا چکے ہیں۔

تازہ ترین