شہزادہ ہیری کو اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی تصویر سے جذباتی وابستگی کا اظہار کرنے پر تنقید کا سامنا ہے جبکہ بعض افراد نے انہیں توجہ حاصل کرنے کا خواہش مند قرار دیا ہے۔
برطانوی شہزادے ہیری نے ماہرِ دماغی علوم میری فرانس او کونر کے ساتھ ایک گفتگو میں بتایا کہ میں اپنی مرحوم والدہ کی ایک پرانی تصویر کو دیکھ کر والدہ سے گہرا تعلق محسوس کرتا ہوں، یہ تصویر معروف فوٹوگرافر پیٹرک ڈیمارشیلیئر نے 1995ء میں ایک امریکی فیشن جریدے کے لیے بنائی تھی۔
پرنس ہیری نے مزید کہا کہ میں تصویر میں اپنی والدہ کی آنکھوں میں دیکھتا ہوں تو مجھے لیڈی ڈیانا کی مسکراہٹ میں شرارت محسوس ہوتی ہے، میں اکثر سوچتا ہوں کہ اگر ڈیانا آج مجھے دیکھ رہی ہوتیں تو میرے موجودہ اقدامات کے بارے میں کیا رائے رکھتیں۔
برطانوی شاہی خاندان کے قریبی ذرائع کے حوالے سے شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ہیری کے اس بیان پر بعض افراد نے سوشل میڈیا اور شاہی حلقوں میں پرنس ہیری کا مذاق اڑایا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ کسی مرحوم عزیز کی تصویر سے جذباتی وابستگی فطری ہے تاہم اس تصویر کے ذریعے ان کے خیالات جاننے کی کوشش کا تاثر دینا غیر معمولی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بعض ناقدین نے شہزادہ ہیری پر اپنی والدہ کی یاد کو تشہیر کے لیے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔