پشاور ہائی کورٹ نے شاہی باغ اور وزیر باغ کے اردگرد تجاوزات ہٹانےکا حکم دے دیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ میں پارکوں کی خوبصورتی اور تجاوزات ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید نے کی اور شاہی باغ میں قائم شادی ہال گرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارک ایک ورثہ ہے، انتظامیہ اس کی خوبصورتی بحال کرنے کے لیے اقدامات کرے۔
عدالت نے حکم دیا کہ شاہی باغ اور وزیر باغ کے اردگرد تجاوزات ہٹائی جائیں۔
سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے عدالت کو بتایا کہ پارکوں کی بحالی کے لیے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کی ہے۔
اس جواب پر جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ محکمے اچھا کام کریں گے تو ہم اس کو سراہتے ہیں۔
دوران سماعت جج نے سیکریٹری جنگلات کو شاہی باغ میں درخت لگانے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ ہمیں بی آر ٹی سے کوئی کام نہیں، پارکوں کی خوبصورتی بحال کریں۔
جسٹس قیصر رشید نے مزید کہا کہ بی آر ٹی پشاور کو بعد میں دیکھیں گے کہ یہ منصوبہ لوگوں کو سہولت دیتا ہے یا نہیں۔
دوران سماعت عدالت نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سے پارکوں کی بحالی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔